اسطرح کرتے ہیں نیکی لوگ مجبوری کیساتھ

اسطرح کرتے ہیں نیکی لوگ مجبوری کیساتھ
جس طرح مزدور کا رشتہ ہو مزدوری کیساتھ

وصل کی شب ہو کہ خوشبو، دل کو رہتا ہے ملال
جان کا خطرہ بھی تو ہوتا ہے کستوری کیساتھ

سامنے رکھنا اُسے ہر وقت مثلِ آئینہ
ورنہ چہرہ ہی بدل جاتا ہے اِک دوری کیساتھ

آج سورج سے ملا تو اپنا چہرہ ڈھانپ کر
چاند بھی آیا فلک پر کتنی بے نوری کیساتھ

عمر بھی اس کے نہ ملنے کی تلافی ہو گئی
معذرت بھی اس نے کی تو ایسی معزوری کیساتھ

حکم دیتا وہ اگر تو مر بھی جاتا میں نسیم
ہوں اگر زندہ تو ہوں اس کی منظوری کیساتھ

افتخار نسیم

Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *