زندگی بے بسی میں شامل ہے
تیرگی روشنی میں شامل ہے
روشنی تیرگی میں شامل ہے
میرے دکھ کا غرور بھی لوگو
میری اس عاجزی میں شامل ہے
روح بن عاشقی نہیں ممکن
روح تو عاشقی میں شامل ہے
بے کلی ہے شریک خوشیوں میں
اور خوشی بے کلی میں شامل ہے
فرحت عباس شاہ
(کتاب – اداس اداس)