اُجلی اُجلی سڑکوں پر اک گرد بھری حیرانی میں
پھیلتی پھیلتی بھیڑ کے اندھے اوندھے
کٹوروں کی طغیانی میں
جب وہ خالی بوتل پھینک کر کہتا ہے؛
”دنیا! تیرا حُسن یہی بدصورتی ہے”
دُنیا اس کو گھورتی ہے
شورِسلاسل بن کر گونجنے لگتا ہے
انگاروں بھری آنکھوں میں یہ تند سوال
کون ہے یہ جس نے اپنی بہکی بہکی سانسوں
کا جال
بامِ زماں پر پھینکا ہے
کون ہے جو بل کھاتے ضمیر کے پُر پیچ
دھندلکوں میں
روحوں کے عفریت کدوں کے زہراندوز
محلکوں میں
لے آیا ہے یوں بن پوچھے اپنے آپ
عینک کے برفیلے شیشوں سے چھنتی نظروں
کی چاپ
کون ہے یہ گستاخ
تاخ تڑاخ!۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجید امجد