بن گیا شعلہ مظالم کا شرر آخرکار
ہم بھی ٹکرا گئے بے خوف و خطر آخرکار
خوش گمانی مری کچھ کام نہ آئی میرے
توڑ دی وقت نے چاہت کی کمر آخرکار
یہ الگ بات کہ کھائے ہیں بہت میں نے فریب
آ گیا مجھ کو بھی جینے کا ہنر آخرکار
اس نے بھی راست نوائی کی جسارت کی تھی
اس کو بھی ہونا پڑا شہر بدر آخرکار
ہو گئی بند تمّناؤں کی اک روز مشین
ہو گیا ختم ضرورت کا سفر آخرکار
مجھ کو امّید ہے ماحول مخالف ہے تو کیا
شاخِ امّید پر آئے گا ثمر آخرکار
خستہ حالات ، بڑی عمر ، سہارے کمزور
گر گیا بادِ مخالف میں شجر آخرکار
کام آئی نہ مرے میری بہادر شاہی
مجھ کو ہونا پڑا محرومِ ظفر آخرکار
روح اک عمر رہی بند بدن مسکن میں
مل گئی اس کو بھی اک راہِ مفر آخرکار
میں نے برسائے یوں اخلاص و محبّت راغبؔ
ہو گیا موم وہ پتھّر کا جگر آخرکار
شاعر: افتخار راغبؔ
کتاب: خیال چہرہ