آپ کو بھی مرا خیال نہیں
اب خوشی ہے کوئی ملال نہیں
تیری خاطر مچلتا رہتا ہے
مختلف اب بھی دل کا حال نہیں
کتنے احباب ہیں جواب بدست
جب مرے ہاتھ میں سوال نہیں
تو بھی تھکتا نہیں تشدّد سے
میں بھی غم سے ترے نڈھال نہیں
امن ہی چاہتے ہیں سب لیکن
کوئی مائل بہ اعتدال نہیں
کون سا دکھ نہیں ملا راغبؔ
کس نوازش پہ دل نہال نہیں
شاعر: افتخار راغبؔ
کتاب: یعنی تُو