روزوشب کا یہ سلسلہ ہے کیا

روزوشب کا یہ سلسلہ ہے کیا
تجھ سے ملنا بھی حادثہ ہے کیا

عکس کیوں ایک سا نہیں رہتا
وقت کیا اور آئینہ ہے کیا

دیکھتا ہوں جب اپنی تحریریں
سوچتا ہوں کہ یہ لکھا ہے کیا

بے طرح یاد آ رہا ہوں کیوں
اس نے مجھ کو بھلا دیا ہے کیا

زندگی موت کا سوال ہے اب
دیکھیے اس کا مشورہ ہے کیا

کتنے رنگوں کے پھول کھلتے ہیں
زرد مٹی میں یہ ملا ہے کیا

آئیے ہم بھی آج کھو جائیں
دیکھیے وہ بھی ڈھونڈتا ہے کیا

افتخار نسیم

Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *