تم ناں! کتنے بھولے ہو!
آدھا آدھا کیا ملنا؟
سارے ہی تو میرے ہو!
دونوں باتیں ہیں تم میں
سادہ ہو اور پیارے ہو
سارے کی ساری باتیں
لوگوں سے کر لیتے ہو؟
چُپ میں بھی رَس گھول دیا
تم بھی کتنے میٹھے ہو!
مجھ سے جھوٹ نہیں کہتے؟
اچھے خاصے جھوٹے ہو!
غیروں جیسے تیور کیوں؟
اچھے میرے اپنے ہو!
تھوڑا سا تو یاد آتے!
کیسے وقت پہ بھُولے ہو!
زین شکیل