آزار کش کو اس کے آزار ہے ہمیشہ

آزار کش کو اس کے آزار ہے ہمیشہ
آزردہ دل کسو کا بیمار ہے ہمیشہ
مختار عشق اس کا مجبور ہی ہے یعنی
یک رہ دو چار ہو کر ناچار ہے ہمیشہ
کب سہل عاشقی میں اوقات گذرے ہے یاں
کام اپنا اس پر اس بن دشوار ہے ہمیشہ
عالم کا عین اسی کو معلوم کر چکے ہیں
اس وجہ سے اب اس کا دیدار ہے ہمیشہ
اس سے حصول مطلب اپنا ہوا نہ ہو گا
با آنکہ کام دل کا اظہار ہے ہمیشہ
پروائے نفع و نقصاں مطلق نہیں ہے اس کو
اس کی تو لا ابالی سرکار ہے ہمیشہ
ملنا نہ ملنا ٹھہرے تو دل بھی ٹھہرے اپنا
اقرار ہے ہمیشہ انکار ہے ہمیشہ
آمادۂ فنا کچھ کیا میرؔ اب ہوا ہے
جی مفت دینے کو وہ تیار ہے ہمیشہ
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *