پہلو سے اٹھ گیا ہے وہ نازنیں ہمارا

پہلو سے اٹھ گیا ہے وہ نازنیں ہمارا
جز درد اب نہیں ہے پہلو نشیں ہمارا
ہوں کیوں نہ سبز اپنے حرف غزل کہ ہے یہ
وے زرع سیرحاصل قطعہ زمیں ہمارا
کیسا کیا جگر خوں آزار کیسے کھینچے
آساں نہیں ہوا دل اندوہگیں ہمارا
حرف و سخن تھے اپنے یا داستاں جہاں میں
مذکور بھی نہیں ہے یا اب کہیں ہمارا
کیا رائیگاں بتوں کو دے کر ہوئے ہیں کافر
ارث پدر جو اب تھا یہ کہنہ دیں ہمارا
لخت جگر بھی اپنا یاقوت ناب سا ہے
قطرہ سرشک کا ہے دُر ثمیں ہمارا
کیا خاک میں ملایا ہم کو سپہر دوں نے
ڈھونڈا نشان تربت پاتے نہیں ہمارا
حالت ہے نزع کی یاں آؤ کہ جاتے ہیں ہم
آنکھوں میں منتظر ہے دم واپسیں ہمارا
اک عمر مہر ورزی جن کے سبب سے کی تھی
پاتے ہیں میرؔ ان کو سرگرم کیں ہمارا
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *