چاک دل ہے انار کے سے رنگ

چاک دل ہے انار کے سے رنگ
چشم پر خوں فگار کے سے رنگ
کام میں ہے ہوائے گل کی موج
تیغ خوں ریز یار کے سے رنگ
تاب ہی میں رہے ہے اس کی زلف
افعی پیچ دار کے سے رنگ
کیا جو افسردگی کے ساتھ کھلا
دل گل بے بہار کے سے رنگ
برق ابر بہار نے بھی لیے
اب دل بے قرار کے سے رنگ
کنج نخچیر گہ میں ہیں مامون
ہم بھی لاغر شکار کے سے رنگ
عمر کا بھی سرنگ جاتا ہے
ابلق روزگار کے سے رنگ
برگ گل میں نہ دل کشی ہو گی
کف پائے نگار کے سے رنگ
اس بیاباں میں میرؔ محو ہوئے
ناتواں اک غبار کے سے رنگ
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *