صاحب ہو تم ہمارے بندے ہیں ہم تمھارے

صاحب ہو تم ہمارے بندے ہیں ہم تمھارے
موقوف رحم پر ہیں دشوار کام سارے
ہو ملتفت کہ ہم بھی جیتوں میں آویں چندے
یہ عشق بے محابا تا چند جان مارے
آشوب بحر ہستی کیا جانیے ہے کب سے
موج و حباب اٹھ کر لگ جاتے ہیں کنارے
کوئی تو تھا طرف پر آواز دی نہ ہم کو
ہم بے قرار ہو کر چاروں طرف پکارے
بے طاقتی سے کیونکر سر مارتے رہیں نہ
صبر و قرار دونوں یک بارگی سدھارے
کوئی تو ماہ پارہ اس بھی رواق میں ہے
چشمک کریں ہیں ہر شب اس کی طرف ستارے
دنیا میں میرؔ آ کر کھولا ہے بار ہم نے
اس رہگذر میں دیکھیں کیا پیش آوے بارے
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *