کیوں کر اڑ کر پہنچیں اس تک طائر بے پر ہیں ہم
سر نہ بالیں سے اٹھاویں کاشکے بیمار عشق
ہو گا یک ہنگامہ برپا فتنہ زیر سر ہیں ہم
سو طرف لے جاتی ہے ہم کو پریشاں خاطری
یاں کسے ڈھونڈو ہو تم کیا جانیے کیدھر ہیں ہم
گر نہ روئیں کیا کریں ہر چار سو ہے بیکسی
بیدل و بے طاقت و بے دین و بے دلبر ہیں ہم
وہ جو رشک مہ کبھی اس راہ سے نکلا نہ میرؔ
ہم نہ رکھتے تھے ستارہ یعنی بد اختر ہیں ہم