کیا میرؔ دل شکستہ بھی وحشی مثال تھا

کیا میرؔ دل شکستہ بھی وحشی مثال تھا
دنبالہ گرد چشم سیاہ غزال تھا
آخر کو خواب مرگ ہمیں جا سے لے گئی
جی دیتے تک بھی سر میں اسی کا خیال تھا
میں جو کہا کہ دل کو تو تم نے ہرا دیا
بولا کہ ذوق اپنا ہمارا ہی مال تھا
سرو اس طرف کو جیسے گنہگار تھا کھڑا
اودھر جو آب جو کے وہ نازک نہال تھا
کیا میرے روزگار کے اہل سخن کی بات
ہر ناقص اپنے زعم میں صاحب کمال تھا
کیا کیا ہوائیں دیدۂ تر سے نظر پڑیں
جب رونے بیٹھ جاتے تھے تب برشکال تھا
کہتے تھے ہم تباہ ہے اب حال میرؔ کا
دیکھا نہ تم نے اس میں بھلا کچھ بھی حال تھا
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *