وہ کم نما و دل ہے شائق کمال اس کا

وہ کم نما و دل ہے شائق کمال اس کا
جو کوئی اس کو چاہے ظاہر ہے حال اس کا
ہم کیا کریں علاقہ جس کو بہت ہے اس سے
رکھ دیتے ہیں گلے پر خنجر نکال اس کا
بس ہو تو وام کر بھی اس پر نثار کریے
یک نقد دل رکھے ہیں سو تو ہے مال اس کا
یہ جانتا تو اس سے ہم خواب میں نہ ہوتا
پکا خیال جی کا ایسا خیال اس کا
ان زلفوں سے نہ لگ کر چل اے نسیم ظالم
تاریک ہے جہاں پھر بکا جو بال اس کا
جس داغ سے کہ عالم ہے مبتلا بلا میں
سو داغ جان عاشق منھ پر ہے خال اس کا
مستانہ ساتھ میرے روتی پھرے ہے بلبل
گل سے جو دل لگا ہے ابتر ہے حال اس کا
میری طرح جھکے ہیں بے خود ہو سرو و گل بھی
دیکھا کہیں چمن میں شاید جمال اس کا
کیا تم کو پیار سے وہ اے میرؔ منھ لگاوے
پہلے ہی چومے تم تو کاٹو ہو گال اس کا
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *