یاری کرے جو چاہے کسو سے غم ہی غم یاری میں ہے

یاری کرے جو چاہے کسو سے غم ہی غم یاری میں ہے
بے موقع یاں آہ و فغاں ہے بے اثری زاری میں ہے
ہاتھ لیے آئینہ تجھ کو حیرت ہے رعنائی کی
ہے بھی زمانہ ہی ایسا ہر کوئی گرفتاری میں ہے
باغ میں شب جو روتا پھرتا ہوں اس بن میں سو صبح تلک
دانۂ اشک روش شبنم کے گل پر ہر کیاری میں ہے
صورتیں بگڑیں کتنی کیوں نہ اس کو توجہ کب ہے وہ
سامنے رکھے آئینہ مصروف طرحداری میں ہے
میرؔ کوئی اس صورت میں امید بہی کی کیا رکھے
ایک جراحت سینے کے میرے ہر زخم کاری میں ہے
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *