دو مشورے

دو مشورے
ایک لیڈر نے دیا ہے لیڈروں کو مشورہ
خوب ہی سرکار کو بد نام کرنا چاہیے
ماہرانِ شان سے بتلا کے اعداد و شمار
محکموں پر یورشِ الزام ہونا چاہیے
اور پریشاں حال ملّت کو خلوصِ دل کے ساتھ
مبتلائے دہشتِ انجام کرنا چاہیے
اپنی ہر تقریر میں، ہر پارٹی کے واسطے
اہتمامِ طعنہ و دشنام کرنا چاہیے
زیب تن کر کے سلیقہ سے لباسِ مغربی
قوم کی تہذیب کا اکرام کرنا چاہیے
ہو یہ ہر تقریر میں شامل الیکشن کے قریب
آپ سب لوگوں کو مل کے کام کرنا چاہیے
اور چل جائے سفارش بھی تو پَرمٹ کے طفیل
تاجروں کو بڑھ کے زیرِ دام کرنا چاہیے
دے کے اخباروں میں چندہ پارٹی کے فنڈ سے
شوخ فطرت سُرخیوں کو رام کرنا چاہیے
بھائیوں! اس گفتگوئے خاص کا مطلب یہ ہے
کام تو ہوتا رہے گا، نام کرنا چاہیے
کم سے کم ہو جائے صوبائی وزیروں میں شمار
یہ دعا ہر روز، صبح و شام کرنا چاہیے
بر خلاف اس کے ہے میرا مخلصانہ مشورہ
جس کو لوحِ ذہن پر اِرقام کرنا چاہیے
رحم کھا کے لیڈروں کواپنے حالِ زار پر
کم سے کم سو سال تک آرام کرنا چاہیے
جون ایلیا
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *