شوق کا رنگ بُجھ گیا یاد کے زخم بھر گئے

شوق کا رنگ بُجھ گیا یاد کے زخم بھر گئے
کیا میری فصل ہو چُکی کیا میرے دن گُزر گئے
راہگُزرِ خیال میں دوش بدوش تھے جو لوگ
وقت کے گردباد میں جانے کہاں بکھر گئے
شام ہے کتنی بے تپاک شہر ہے کتنا سہم ناک
ہم نفسو کہاں ہو تم جانے یہ سب کدھر گئے
پاس حیات کا خیال ہم کو بہت برا لگا
پس بہ ہجوم معرکہ جان کے بے سپر گئے
میں تو صفوں کے درمیان کب سے پڑا ہوں نیم جاں
میرے تمام جاں نثار میرے لئے تو مر گئے
شاہد روز واقعہ صورت ماجرا ہے کیا
کتنے جتھے بکھر گئے، کتنے ہجوم مر گئے
رونقِ بزمِ زندگی طُرفہ ہیں تیرے لوگ بھی
اک تو کبھی نہ آئے تھے، گئے تو رُوٹھ کر گئے
خوش نفسانِ بےنوا، بے خبرانِ خوش ادا
تِیرہ نصیب تھے مگر شہر میں نام کر گئے
آپ بھی جون ایلیا سوچئے اب دھرا ہے کیا
آپ بھی اب سدھاریئے آپ کے چارہ گر گئے
آج کی شام ہے عجیب کوئی نہیں میرے قریب
آج سب اپنے گھر رہے آج سب اپنے گھر گئے
خواب طلائی خیال، دل کا زیاں تھا اور ملال
ہوش کے باوجود ہم خواب و خیال پر گئے
سمت زمردینِ دل، خود سے ہے کیا بہت خجل
ہم جو گمان زرد میں گھر سے گئے نہ گھر گئے
تھا جو نفس نفس کارن اس میں تھی شورش بزن
زخم بغیر واں سے ہم خون میں تر بہ تر گئے
جون ایلیا
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *