رحمت کبریا مصطفیٰؐ مصطفیٰؐ
دل ہے بیمار اور روح بے چین ہے
اے شفاء در شفاء مصطفیٰؐ مصطفیٰؐ
اس نے پوچھا کہ دنیا میں ارفع ہے کون
اور میں نے کہا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
میری بخشش کا سامان کر دیجئیے
اے خدا کی رضا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
تیرگی سہم کر چُپ ہوئی چُپ ہوئی
چاند نے کہہ دیا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
یہ جو آسان ہے راستہ، آپؐ کے
ہے کرم سے ہوا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
تو سراپا کرم رحمت دوجہاں
میں خطا در خطا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
اے مرے بے سہاروں کے وارث خدا
دے مجھے آسرا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
آپ بنؐ کون ہے مجھ گنہ گار کا
ہو عنایت ذرا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
کہہ رہے ہیں فلک، کہکشاں، بحر و بر
کہہ رہی ہے ہوا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
آپ آئے تو دنیا میں رونق ہوئی
ورنہ تھا اور کیا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
بس یہی درد ہے اب مرا رات دن
اب یہی ہے دعا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
ہیں یہ ردِ بلا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
یہ حروفِ دعا مصطفیٰ ؐ مصطفیٰؐ
فرحت عباس شاہ