محبت رنگتی ہے
محبت رنگ دیتی ہے
تمہیں رنگوں سے
اور مجھے لہو سے
میں تمہاری محبت میں ہر وقت اپنے دل کے
وہ گوشے تلاش کرتا رہتا ہوں
جن پر ابھی کوئی زخم نہ لگا ہو
اور مجھے دِقّت ہوتی ہے
میں مشکل میں ہوں
میں اپنے دل کے وہ گوشے تلاش کر کے
تمہیں دینا چاہتا ہوں
میں اکثر خواب میں دیکھتا ہوں
کہ میرے دل پر کوئی زخم نہیں ہے
اور خواب ہی خواب میں
خوشی سے اٹھلاتا پھرتا ہوں
جھومتا ہوں، ناچتا ہوں، گاتا ہوں،
اور جب بیدار ہوتا ہوں
تو میرے آنسو تعبیروں کو روک لیتے ہیں
مجھے تم سے محبت ہے
اور مجھے یقین ہے
میں اپنے دل میں
کوئی نہ کوئی ایسی جگہ ضرور تلاش کر لوں گا
جس پر پہلے سے کوئی زخم نہ لگا ہو
فرحت عباس شاہ
(کتاب – دو بول محبت کے)