تمہیں اچھی طرح پتہ ہے

تمہیں اچھی طرح پتہ ہے
محبت خدشے بڑھا دیتی ہے
اور شکوک پیدا ہونے لگتے ہیں
اور خواہ مخواہ کی بے اعتبارہ بھی چلی آتی ہے
اب یہ نہ ہو کہ مجھ سے بچھڑتے ہی تم مجھے بھول جاؤ
تم مجھے بھول تو نہیں جاؤ گی
لوگ بہت دھوکہ دیتے ہیں
کسی پر اعتبار مت کرنا
یہ نہ ہو کہ دوری کا فائدہ اٹھا کے
چاند سے پینگیں بڑھا لو
اور آوارہ قسم کے بادلوں سے گپیں لگاتی پھرو
ستاروں کی شرارتوں میں دانستہ آجاؤ
اور ساون کی الٹی سیدھی حرکتوں کو انجوائے کرو
ٹھیک ہے تم ایسی نہیں ہو
لیکن پھر بھی یہ سب کچھ مجھے اچھا نہیں لگے گا
کیا پتہ تم ہواؤں سے ہی دل لگا لو
اور وقت سے دوستی کر لو
اچھا تو پھر ایسا کرو
میرے غم کے سر کی قسم کھاؤ
تم مجھے بھولو گی نہیں
فرحت عباس شاہ
Share:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *