میری محبت کی کہانی
انگلیوں سے ٹپکتے ہوئے لہو کی کہانی ہے
جو آنکھوں کے سامنے
قطرہ قطرہ کر کے ٹپکتا ہے
اور دل کے سامنے
سرد مٹی میں جذب ہو جاتا ہے
اور پھر
اپنے نشانات کے سیاہ پڑنے تک
زمین کا زخم بن کر نمایاں رہتا ہے
میری محبت کی کہانی
صحراؤں کی پیاس کی کہانی ہے
جو صدیوں سے صرف پیا س ہی پیاس ہے
اور صدیوں ہی سے ہر سراب کے پیچھے دیوانہ وار بھاگ رہی ہے
میری محبت کی کہانی
رتوں کی بیوگی کی کہانی ہے
جس کے ہاتھ میں بیتے ہوئے لمحوں کی خشک ٹہنیوں اور جلی ہوئی پتیوں کے سوا کچھ بھی نہیں
میری محبت کی کہانی
شہروں کی گھٹن اور جنگلوں کے سکوت کی کہانی ہے
جب ایک ایک سانس پہ بھاری زنجیریں پڑ جاتی ہیں
اور بدن کسی اندرونی بدن پر بوجھ لگنے لگتا ہے
میری محبت کی کہانی
خشک دریاؤں کی کہانی ہے
جن کے برہنہ سینے
پگڈنڈیوں اور راہگزاروں
کی ایڑیوں تلے کچلے جاتے ہیں
میری محبت کی کہانی
جلا وطن دیوانے کی کہانی ہے
دیوانہ جو خود اپنے وطن میں بھی کسی جلا وطن کی مانند ہوتا ہے
میری محبت کی کہانی
ایسی راتوں کی کہانی ہے
جب چاند تو نکلتا ہے لیکن
چاند اور نگاہوں کے درمیان نادیدہ تاریکیاں حائل رہتی ہیں
میں کیا سناؤں
میری محبت کی کہانی ایک ایسی کہانی ہے
جس کا مرکزی کردار
خود اپنی ذات کے ادھورے پن کی کربناک صلیب پر لٹکا
کسی گمشدہ کردار کو صدائیں دے رہا ہے
اور صدیوں کے انتظار میں دفن ہے
فرحت عباس شاہ